اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) جڑواں شہروں کے معروف ہاؤسنگ منصوبے ٹاپ سٹی ون کے مارکیٹنگ آفس میں پاک سعودی سرمایہ کاری مواقع کے حوالے سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کاروباری، سماجی اور صنعتی شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی سعودی عرب کی معروف کمپنی الصحاب انویسٹمنٹ ہولڈنگ کمپنی کے سی ای او انجینئر عامر خان تھے، جنہوں نے سعودی عرب میں پاکستانیوں کے لیے ہاؤسنگ، زراعت، لائیو اسٹاک اور دیگر شعبوں میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اپنے خطاب میں انجینئر عامر خان نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کے لیے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کمپنی ویزا، زمین اور مالی معاونت سمیت مختلف سہولیات فراہم کرکے پاکستانیوں کو بین الاقوامی سطح پر مستحکم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔
انہوں نے ٹاپ سٹی ون کے چیف ایگزیکٹو کنور معیز خان کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹاپ سٹی ون پاکستان کے جدید ترین ہاؤسنگ منصوبوں میں شمار ہوتا ہے اور سرمایہ کاری کے لیے ایک مثالی انتخاب ہے۔
اس موقع پر کنور قطب الدین نے خطبۂ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور ٹاپ سٹی ون کے ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کے وژن پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب واقع ہونے کی وجہ سے ٹاپ سٹی ون رہائشی، کمرشل اور کاروباری سرگرمیوں کا اہم مرکز بن چکا ہے۔
تقریب میں ایف پی سی سی آئی، اسلام آباد اور راولپنڈی چیمبرز آف کامرس کے عہدیداران سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ شرکاء نے وفاقی بجٹ میں رئیل اسٹیٹ اور معیشت کی بہتری کے لیے متعارف کرائی گئی اصلاحات کو خوش آئند قرار دیا۔
مقررین نے ٹاپ سٹی ون کے اعلیٰ معیارِ تعمیر اور عالمی معیار کی سہولیات کو سراہتے ہوئے منصوبے کے “لیک ڈسٹرکٹ” پراجیکٹ کو سرمایہ کاری کے لیے ایک منافع بخش موقع قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر ٹاپ سٹی ون کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر غلام یاسین نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی قومی و بین الاقوامی سطح کی شراکت داریوں کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
بعد ازاں شرکاء کے اعزاز میں ہائی ٹی کا اہتمام کیا گیا، جہاں باہمی روابط کے فروغ اور مستقبل کے کاروباری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔











