تہران(روشن پاکستان نیوز) آبنائے آبنائے ہرمز کے قریب ایک امریکی فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق دونوں پائلٹس محفوظ ہیں اور کسی کو کوئی چوٹ نہیں آئی۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اپاچی گن شپ ہیلی کاپٹر کا عملہ حادثے کے بعد بحفاظت نکال لیا گیا، تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ہیلی کاپٹر ایرانی فائرنگ کا نشانہ بنا، کسی تکنیکی خرابی کا شکار ہوا یا حادثے کی کوئی اور وجہ تھی۔
وائٹ ہاؤس، امریکی محکمہ خارجہ اور یو ایس سینٹرل کمانڈ نے اس حوالے سے فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ حادثے کی وجوہات سے متعلق رپورٹ بعد میں جاری کی جائے گی۔
امریکی عدالت نے غیر ملکی ملازمین کو جاری کیے جانیوالے ایچ ون بی ویزا سے متعلق ٹرمپ کی پالیسی رد کردی
یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ایران اور اسرائیل نے حالیہ دنوں میں ایک دوسرے پر حملے روکنے کا اعلان کیا ہے، تاہم ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر حزب اللہ کو لبنان میں نشانہ بنایا گیا تو وہ دوبارہ کارروائی شروع کر سکتا ہے۔
گزشتہ دنوں دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا گیا، جس دوران ایران نے اسرائیل پر میزائل حملے کیے، جبکہ اسرائیل نے ایرانی دفاعی نظام اور ایک پیٹروکیمیکل پلانٹ کو نشانہ بنایا۔
ادھر امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں، جبکہ آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث عالمی توانائی سپلائی بھی متاثر ہو رہی ہے۔











