ریاض: گلگت بلتستان میں پیپلزپارٹی کی برتری پر کارکنوں کا جشن، کیک کاٹا گیا

ریاض(روشن پاکستان نیوز) سعودی عرب میں پاکستان پیپلزپارٹی کے اراکین نے گلگت بلتستان میں پارٹی کی واضح برتری کی خوشی میں ایک اجلاس کا انعقاد کیا، جس میں کیک کاٹ کر اپنی خوشی کا بھرپور اظہار کیا گیا۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں واقع پیپلز ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے عہدیداران اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی مڈل ایسٹ کے سیکرٹری جنرل محمد خالد رانا، ریاض ریجن کے صدر احسن عباسی، صداقت حسین برگوش اور وسیم ساجد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ایک جمہوری اور عوامی جماعت ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام نے جس اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کو بھرپور حمایت دی ہے، اس پر پارٹی قیادت اور کارکنان عوام کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں اب ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوگا، جہاں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات اور قومی اسمبلی کے آئندہ انتخابات میں بھی پاکستان پیپلزپارٹی بھاری مینڈیٹ حاصل کرے گی اور پاکستان، بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ترقی اور استحکام کی جانب مزید آگے بڑھے گا۔

مزید خبریں