حافظ آباد: غذائی قلت کے شکار بچوں کیلئے پہلا نیوٹریشن وارڈ قائم

حافظ آباد(آئی این این اے/شوکت علی وٹو)حافظ آباد میں غذائی کمی کے شکار کم عمر بچوں کے علاج معالجہ کے لیے محکمہ صحت حکومت پنجاب اور ڈبلیو ایچ او کے اشتراک سے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں پہلا ہیلتھ نیوٹریشن اینڈ سٹیبلائزیشن وارڈ قائم کر دیا گیا۔صوبائی وزیر صحت و آباد ی پنجاب خواجہ عمران نذیر، وزیر اعلیٰ کی کوارڈنیٹر،ایم این اے سائرہ افضل تارڑ،ڈبلیو ایچ او کی نمائندہ(ELLEN MPANGANANJI THOM )، ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق اور ڈائریکٹر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پنجاب مسز وقار النساء نے وارڈ کا افتتاح کیا۔صوبائی وزیر ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ویلفیئر پنجاب خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی سربراہی میں صوبہ بھرمیں صحت کے شعبہ کی ترقی اور مریضوں کے بہتر علاج معالجہ کے لیے انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔غذائی قلت کا شکار کم عمر بچوں کے بہتر علاج معالجہ اور انکی غذائی قلت پوری کرنے کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال حافظ آباد میں قائم کیے جانے والے وارڈ اپنی نوعیت کا منفرد اور مثالی پروگرام ہے محکمہ صحت اورڈبلیو ایچ او کے تعاون سے قائم کیے جانے والے اس وارڈ میں بچوں کی مکمل سکریننگ،ٹیسٹ اور علاج معالجہ کی سہولت دستیاب ہو گی۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ چیف منسٹر پنجاب کے ویژن کے تحت پنجاب کے مختلف اضلاع میں دل کے عارضہ میں مبتلا مریضوں کے فوری اور بہتر علاج کے لیے کیتھ لیب بنائی جا رہی ہیں اور انشاء اللہ حافظ آباد میں بھی یہ کیتھ لیب جلد فنکشنل بنا دی جائیگی انکا کہنا تھا کہ مریضوں کو بروقت اور بہتر علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور وزیر اعلیٰ خاص طور پر صحت کے شعبہ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حافظ آباد میں زیر تعمیر نئے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا تعمیراتی کام بہت جلد مکمل ہو جائیگا انہوں نے واضح کیا کہ نئے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں مریضوں کے بیڈز اور سہولیات میں کسی قسم کی کوئی کمی نہیں کی جا رہی،وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور ایم این اے سائرہ افضل تارڑ کی قیادت میں عوامی سہولیات میں اضافہ تو کیا جا سکتا ہے لیکن کمی کسی صورت نہیں آ سکتی۔صوبائی وزیر نے نئے قائم کیے جانے والے ہیلتھ نیوٹریشن اینڈ سٹیبلائزیشن وارڈ کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں بچوں کے لیے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔انچارج چلڈرن وارڈ ڈاکٹر عابد بھٹی نے بتایا کہ ایک رپورٹ کے مطابق حافظ آباد میں پانچ سال تک کی عمر کے تقریبا 24ہزار بچے غذائی کمی کا شکار ہیں جن میں سے ساڑھے تین ہزار بچے غذائی کمی کے ساتھ دیگر مسائل کا بھی شکار ہیں ایسے بچوں کے مفت علاج معالجہ کے لیے قائم کیے جانے والا وارڈ وقت کی اہم ضرورت تھا۔والدین کو چاہیے ایسے تمام بچے جو عمرکے حساب سے کمزورہیں یا انکی جسمانی کمزوری کے ساتھ انکے قد میں اضافہ نہیں ہو رہا ایسے بچوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال لایا جائے جہاں انکی مکمل سکریننگ،ٹیسٹ اور علاج معالجہ کی سہولت دستیاب ہو گی۔صوبائی وزیر نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرتے ہوئے وہاں مریضوں اور انکے لواحقین سے مفت ادویات کی فراہمی اور علاج معالجہ بارے فیڈ بیک بھی لیا جس پر انہوں مفت ادویات کی دستیابی سمیت دیگر فراہم کی جانے والی سہولیات بارے اطمینان کا اظہار کیا۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فرجاد احمد بٹ،ایم ایس ڈاکٹر ریحان اظہر،ڈی ایچ او ڈاکٹر فائق علی تارڑ سمیت محکمہ صحت کے دیگر افسران و ڈاکٹرز بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔

مزید خبریں