اتوار,  17 مئی 2026ء
ایٹمی ملک کو جغرافیے سے مٹانے کی دھمکی ذہنی دیوالیہ پن کی عکاس ہے، پاک فوج کا بھارتی آرمی چیف کے بیان پر ردعمل

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) آئی ایس پی آر نے بھارتی آرمی چیف جنرل اوپندرا دویویدی کے اشتعال انگیز بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پہلے ہی عالمی سطح پر ایک اہم ملک اور تسلیم شدہ ایٹمی طاقت ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی آرمی چیف نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اشتعال انگیز بیان دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ جغرافیہ اور تاریخ کا حصہ بننا چاہتا ہے کہ نہیں۔

بھارتی آرمی چیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی عالمی سطح پر ایک اہم ملک اور تسلیم شدہ ایٹمی طاقت ہے، پاکستان جنوبی ایشیا کے جغرافیے اور تاریخ کا ناقابلِ تردید حصہ ہے۔

پاک فوج لورز کی امن کے لیے دعائیہ تقریب، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سفارتی کوششوں کو سراہا گیا

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کا اشتعال انگیز بیان ظاہر کرتا ہے کہ بھارتی قیادت پاکستان کے وجود کے تصور کو قبول نہیں کرسکی، نہ ہی بھارتی قیادت 8 دہائیاں گزرنے کے باوجود درست اسباق سیکھ سکی ہے، یہ متکبرانہ، جنگجوانہ، تنگ نظر ذہنیت بارہا جنوبی ایشیا کو جنگوں اور بحرانوں کی طرف دھکیلتی رہی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ایک خودمختار ایٹمی ہمسایہ ملک کو’’جغرافیے‘‘سے مٹانے کی دھمکی نہ کوئی تذویراتی اشارہ ہے، نہ سفارتی دباؤ، ایسی دھمکی ذہنی دیوالیہ پن، جنون اور جنگ پسندی کی عکاس ہے، ذمہ دار ایٹمی ریاستیں تحمل اور اسٹریٹیجک سنجیدگی کا مظاہرہ کرتی ہیں، ذمہ دار ایٹمی ریاستیں تحمل اور اسٹریٹیجک سنجیدگی کا مظاہرہ کرتی ہیں۔

مزید خبریں