مفتاح اسماعیل نے پیٹرول کی قیمت میں حالیہ اضافے کی اصل وجہ بتادی

کراچی(روشن پاکستان نیوز) سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کی اصل وجہ بتاتے ہوئے کہا قیمتوں میں اضافہ عالمی نرخوں سے نہیں بلکہ لیوی اورٹیکس بڑھنے سے ہوا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر ردعمل دیتے ہوئےحکومت کے کفایت شعاری کے دعوؤں پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔

مفتاح اسماعیل نے انکشاف کیا کہ حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 15، 15 روپے فی لیٹر جو حالیہ اضافہ کیا ہے، کی اصل وجہ عالمی قیمتیں نہیں بلکہ لیوی اور ٹیکسز میں اضافہ ہے۔

پی ٹی آئی نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کردیا

ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول پر لیوی 120 روپے تک پہنچ چکی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 415 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ اس قیمت میں تقریباً 20 روپے فی لیٹر ڈیوٹی بھی شامل ہے جبکہ ڈیزل پر اس وقت 45 روپے لیوی اور تقریباً 30 روپے فی لیٹر کسٹم ڈیوٹی وصول کی جا رہی ہے۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی کل قیمت کا 33 فیصد اور ڈیزل کی قیمت کا 16 فیصد براہِ راست حکومتی محصولات پر مشتمل ہے۔

سابق وزیر خزانہ نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، اس پر مزید اضافی ٹیکس وصول کرنا سراسر ناانصافی ہے۔

انہوں نے کہا “ایک طرف حکومت کفایت شعاری کے دعوے کرتی ہے، لیکن دوسری طرف تمام مالی بوجھ عوام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔”

مزید خبریں