بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند پاکستانی ہوشیار ہوجائیں!

لاہور(روشن پاکستان نیوز)  بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند پاکستانی ہوشیار ہوجائیں، ایف آئی اے نے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے والے 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور نے مائیگرنٹ اسمگلنگ اور ویزا فراڈ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے تین اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ہونے والوں میں ایک ایسا ملزم بھی شامل ہے، جو گزشتہ 12 سال سے قانون کو مطلوب تھا۔

ایف آئی اے ترجمان نے کہا کہ چھاپہ مار ٹیموں نے لاہور اور سیالکوٹ کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لے لیا.

ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم عباس سلہری نے شہری کو ترکی ورک ویزا کا جھانسہ دے کر 46 لاکھ روپے ہتھیائے ، ملزم لیاقت علی نے شہری کو کینیڈا ورک ویزا کا جھانسہ دے کر 31 لاکھ روپے بٹورے جبکہ ملزم آصف بٹ نے ملائیشیا ورک ویزا کا جھانسہ دے کر 2 لاکھ روپے ہتھیائے تھے

اینٹی نارکوٹکس فورس کا ملک بھر میں بڑا کریک ڈاؤن، 44 کلو سے زائد منشیات برآمد، 8 ملزمان گرفتار

ترجمان ایف آئی اے نے انکشاف کیا کہ گرفتار ملزم آصف بٹ انتہائی شاطر ہے اور وہ سال 2014 سے ایف آئی اے لاہور کو مطلوب تھا، ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے طویل عرصے سے روپوش تھا، جسے اب ٹریس کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ ملزمان سادہ لوح شہریوں کو بیرون ملک اچھے مستقبل اور ورک ویزا کے سنہری خواب دکھا کر لاکھوں روپے وصول کرتے تھے، رقم لینے کے بعد ملزمان نہ تو ویزا فراہم کرتے تھے اور نہ ہی رقم واپس کرتے تھے، بلکہ روپوش ہو کر شہریوں سے رابطہ منقطع کر لیتے تھے۔

ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش کا باقاعدہ آغاز کر دیا، حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی عمر بھر کی جمع پونجی لوٹنے والے ان عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے گی اور ان کے نیٹ ورک کے دیگر ملوث افراد کی تلاش بھی جاری ہے۔

مزید خبریں