اسلام آباد: مہنگائی کیخلاف ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج

اسلام آباد(سعد عباسی) اسلام آباد کے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف احتجاج کیا۔

مظاہرہ کرنے والے ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ پیٹرول اور روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے تنخواہ دار طبقے کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ ان کے مطابق موجودہ حالات میں گھریلو اخراجات پورے کرنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔

ینگ ڈاکٹرز نے کہا کہ مہنگائی کے باعث وہ ذہنی دباؤ کا شکار ہیں اور ایسے حالات میں مریضوں کی بہتر انداز میں خدمت انجام دینا بھی متاثر ہو رہا ہے۔ ڈاکٹروں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کی بنیادی تنخواہوں میں فوری اور خاطر خواہ اضافہ کیا جائے تاکہ وہ معاشی مسائل کا مقابلہ کر سکیں۔

ڈاکٹروں نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات منظور نہ کیے گئے تو ملک بھر کی ملازم تنظیموں کے ساتھ مل کر وفاقی بجٹ کے موقع پر پمز سے پارلیمنٹ ہاؤس تک لانگ مارچ اور احتجاجی دھرنے دیے جائیں گے۔

مزید خبریں