لاہور(روشن پاکستان نیوز) حکومت پنجاب نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں نئی ترقیاتی سکیموں کے لیے صوبائی محکموں کو نیا حکم نامہ جاری کر دیا ۔
حکومتی ہدایات کے مطابق ڈویلپمنٹ بجٹ کے تحت کسی سکیم میں گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے اور کسی منصوبے کے پی سی ون میں بھی گاڑیوں کی خریداری شامل نہیں کی جا سکے گی۔
حکومتی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غیر استعمال شدہ فنڈز کو پرانی اور نئی سکیموں کے لیے استعمال کیا جائے گا، تاہم اس کے لیے غیر استعمال شدہ فنڈز کے استعمال کیلئے’’ ایس اےپی‘‘سٹیئرنگ کمیٹی کی منظوری لازمی ہوگی، کمیٹی فنڈز کے اجرا، سرنڈر اور پروگرام کی مجموعی تفصیلات کا بھی جائزہ لے گی۔
مزید برآں ترقیاتی منصوبوں کے لیے بینرز، تشہیری مہم یا ڈنر پارٹیوں جیسے غیر ضروری اخراجات کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ کسی ادارے کو ترقیاتی سکیموں پر انتظامی اوور ہیڈز چارج کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے۔
پنجاب پولیس کو چوتھے کوارٹر کا بجٹ جاری، مہنگائی کے باعث کٹوتی
منصوبوں کی تکمیل پر متعلقہ محکموں سے کمپلیشن سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ہوگا، جبکہ ہر سکیم کی رپورٹ میں اس کے اثرات، اخراجات، اہداف اور تکمیل کی تفصیلات شامل کی جائیں، سٹیئرنگ کمیٹی منصوبوں کی پیش رفت کا وقتاً فوقتاً جائزہ لے گی اور عملدرآمد کے دوران پیش آنے والے مسائل کو حل کرنے کی بھی ذمہ دار ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت بڑھے گی اور عوامی وسائل کا ضیاع روکنے میں مدد ملے گی۔











