جدہ(روشن پاکستان نیوز) پاکستان سے آنے والی پہلی حج پرواز کا جدہ پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ قونصل جنرل پاکستان جدہ اور ڈائریکٹر جنرل حج نے دیگر قونصل خانے کے افسران کے ہمراہ عازمین حج کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر عازمین کو پھول پیش کیے گئے اور ان کے لیے خصوصی استقبالی انتظامات کیے گئے تھے، جس سے ان کے چہروں پر خوشی اور اطمینان نمایاں تھا۔
15 سال سے کم عمر عازمین حج پر عائد پابندی ختم
استقبالی تقریب میں سعودی حکام اور متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے، جنہوں نے پاکستانی عازمین کی آمد کو خوش آئند قرار دیا۔ عازمین نے بہترین انتظامات پر پاکستانی مشن اور سعودی حکام کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر قونصل جنرل نے کہا کہ حکومت پاکستان عازمین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور جدہ میں موجود ٹیم ان کی رہنمائی اور مدد کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
ڈائریکٹر جنرل حج نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حج آپریشن کو منظم اور سہل بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عازمین کو ہدایات کی پابندی کرنے اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کی تلقین بھی کی۔











