اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو صنعتی و گھریلو بجلی صارفین کو سہولیات فراہم کرنے کیلیے اہم ہدایات جاری کر دیں۔
وزیر اعظم کی زیرِ صدارت توانائی شعبے میں اصلاحات پر اجلاس ہوا جس میں شہباز شریف نے صنعتی و گھریلو صارفین کو بجلی کی فراہمی میں سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات اوربجلی کی قیمتوں میں استحکام لانے کیلیے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ترسیل کے نظام میں بہتری لا کر لائن لاسز میں نمایاں کمی لائی جائے۔ انہوں نے توانائی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے پر زور دیا اور توانائی کی کمی پوری کرنے کیلیے قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں کو فروغ دینے کی ہدایت کی۔
سستی بجلی کا منصوبہ، صارفین کے لئے بڑی خبر
انہوں نے بجلی صارفین کو بلوں کی ادائیگی میں آسانی کیلیے ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ پر زور دیا اور بجلی چوری کے خاتمے کیلیے سخت اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ صنعتی ترقی کے فروغ کیلیے توانائی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، گھریلو صارفین کیلیے سہولت فراہم کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے، توانائی شعبے میں اصلاحات عوام اور صنعت کے مفاد کو ملحوظ خاطر رکھے بغیر نہیں کی جائیں گی۔
وزیر اعظم کو گھریلو صارفین اور صنعت کیلیے بجلی کی کھپت سے متعلق سفارشات پیش کی گئیں۔ اجلاس میں نائب وزیر اعظم، وزیر خزانہ، وزیر اقتصادی امور، وزیر اطلاعات، وزیر توانائی و دیگر نے شرکت کی۔











