سستی بجلی کا منصوبہ، صارفین کے لئے بڑی خبر

کراچی(روشن پاکستان نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبائی گرڈ سے سستی بجلی کی پیداوار اور ترسیل کا منصوبہ پیش کردیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبائی گرڈ کے ذریعے سستی بجلی کی پیداوار اور ترسیل کا ایک جامع منصوبہ پیش کرتے ہوئے گھریلو صارفین کو ریلیف فراہم کرنے اور صنعتی ترقی کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

ڈنمارک کی سفیر مایا دیروس مورٹنسن نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی اس موقع پر دوطرفہ تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع، قابلِ تجدید توانائی اور ماحولیاتی پائیداری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت سندھ کم لاگت بجلی پیدا کرنے اور اپنی ٹرانسمیشن کمپنی کے ذریعے سستی بجلی کی پیداوار اور مؤثر ترسیل کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔

آبنائے ہرمز سےگزرنے والا پاکستانی جہاز خام تیل لےکرکراچی پورٹ پہنچ گیا

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد کارکردگی بہتر بنا کر اور لائن لاسز کم کرکے گھریلو اور صنعتی صارفین دونوں کے لیے سستی بجلی کی فراہمی یقینی بنانا ہے اور مزید کہا کہ کم قیمت بجلی سے عوام کو براہِ راست ریلیف اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

مراد علی شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ ہم بجلی کی پیداوار کے ساتھ ساتھ خصوصاً پسماندہ اور صنعتی علاقوں کو بلاتعطل اور کم لاگت بجلی فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

انہوں نے صوبے میں قابلِ تجدید توانائی کے وسیع امکانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے بڑے مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ونڈ کوریڈور اور اس سے متعلق منصوبوں کی ترقی سندھ کو صاف توانائی کا علاقائی مرکز بناسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت قابلِ تجدید توانائی کے فروغ اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور ڈنمارک کی کمپنیوں کو ہوا سے بجلی اور دیگر گرین انرجی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

ڈنمارک کی سفیر مایا دیروس مورٹنسن نے سندھ کے قابلِ تجدید توانائی کے شعبے، خصوصاً ونڈ انرجی میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گرین انرجی میں تعاون دونوں فریقین کے درمیان سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کر سکتا ہے اور معاشی تعلقات کو مضبوط بنا سکتا ہے۔

بعد ازاں دونوں ممالک کے عہدیداران کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کیٹی بندر کی اسٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت تاریخی بندرگاہ کو جدید گہرے سمندر کی بندرگاہ میں تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ کراچی کی موجودہ بندرگاہوں پر دباؤ کم ہو اور نئی معاشی سرگرمیوں کے مواقع پیدا ہوں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کیٹی بندر ایک بڑے معاشی اور علاقائی تجارتی مرکز میں تبدیل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس کی ترقی میں دلچسپی رکھنے والے ڈینش سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ڈینش سفیر نے کیٹی بندر کی صلاحیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ اس کی ترقی علاقائی تجارت اور روابط کو نمایاں طور پر فروغ دے سکتی ہے۔

مزید خبریں