راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) موٹروے ایم ٹو پر خوفناک حادثے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ، حادثے کی بنیادی وجہ کار کی تیز رفتاری بتائی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق موٹروے ایم ٹو (M-2) پر ٹھلیاں انٹرچینج کے قریب تیز رفتاری کے باعث ایک المناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں ٹرک اور کار میں تصادم کے نتیجے میں دو افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ٹھلیاں انٹرچینج کے قریب ایک تیز رفتار کار بے قابو ہو کر ٹرک سے جا ٹکرائی۔ تصادم اتنا زوردار تھا کہ کار مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور اس میں سوار افراد بری طرح پھنس گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا تاہم حادثے میں کار سوار دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جن کی شناخت فیضان اور اشرف کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے میں ایک شخص شدید زخمی ہوا، جس کی شناخت فضل حسین کے نام سے کی گئی ہے۔
15سال سے کم عمر بچوں کو حج پر لے جانے پر پابندی عائد
ریسکیو حکام نے جاں بحق افراد کی میتوں اور زخمی شخص کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں زخمی کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ کار کی تیز رفتاری بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا۔
پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ٹریفک کی روانی کو بحال کرایا اور واقعے کی مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔











