هفته,  25 اپریل 2026ء
چوہنگ پولیس ٹریننگ کالج میں مبینہ 40 کروڑ کرپشن اسکینڈل، سابق و موجودہ کمانڈنٹ آمنے سامنے

لاہور(روشن پاکستان نیوز) پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور میں مبینہ طور پر 40 کروڑ روپے کی خرد برد کا بڑا اسکینڈل سامنے آ گیا، جس پر آئی جی پنجاب عبدالکریم نے فوری ایکشن لیتے ہوئے اسپیشل آڈٹ کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی پٹرولنگ پولیس راجا فیصل کی سربراہی میں قائم خصوصی کمیٹی چوہنگ ٹریننگ کالج کا اسپیشل آڈٹ کر رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کمانڈنٹ کے دور میں مالی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں، جن میں ٹریننگ اخراجات اور دیگر مدات کے کروڑوں روپے مبینہ طور پر پرائیویٹ اکاؤنٹس میں منتقل کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق موجودہ کمانڈنٹ سہیل چوہدری کی درخواست اور آئی جی پنجاب کو بھیجے گئے خط کے بعد اس معاملے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔

آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کمیٹی سربراہ کو ہدایت کی ہے کہ آڈٹ کا عمل جلد مکمل کر کے حتمی رپورٹ پیش کی جائے تاکہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

لاہور: مختلف علاقوں میں پولیس کی جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں، متعدد ملزمان گرفتار

دوسری جانب سابق کمانڈنٹ محبوب اسلم نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوہنگ ٹریننگ کالج میں کسی قسم کی کرپشن نہیں ہوئی۔ ان کے مطابق گزشتہ تین سال سے آڈٹ نہیں ہوا تھا اور اس وقت صرف انٹرنل آڈٹ کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ آڈٹ رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی الزامات کی حقیقت کا تعین ہو سکے گا۔

مزید خبریں