بدھ,  22 اپریل 2026ء
یومِ ارض: ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کا خصوصی پیغام، زمین کو سرسبز بنانے کا عہد

راولپنڈی(عرفان حیدر) دنیا بھر کی طرح 22 اپریل کو زمین کا عالمی دن (ارتھ ڈے) منایا گیا، جس کا مقصد ماحولیات کے تحفظ، قدرتی وسائل کی اہمیت اور زمین کو درپیش چیلنجز کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔ یہ دن پہلی بار 1970 میں منایا گیا تھا، جب ماحولیاتی آلودگی، جنگلات کی کٹائی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے مسائل عالمی توجہ کا مرکز بنے۔

اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی، احمد حسن رانجھا نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یومِ ارض ہمیں اس عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنی زمین کو صاف، سرسبز اور محفوظ بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ زمین ہم سب کی مشترکہ امانت ہے اور اس کی حفاظت ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی آلودگی اور درختوں کی بے دریغ کٹائی جیسے مسائل سنگین خطرات بن چکے ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اقدامات ناگزیر ہیں۔

احمد حسن رانجھا نے بتایا کہ ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی شہر کی خوبصورتی اور ماحولیاتی بہتری کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے، جن میں شجرکاری مہم، گرین بیلٹس کی بحالی، پارکس کی بہتری اور شہریوں میں ماحول دوست شعور بیدار کرنا شامل ہے۔

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے گھروں اور محلوں میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں، پانی اور بجلی کے ضیاع سے بچیں، پلاسٹک کے استعمال کو کم کریں اور صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زمین ہمارا واحد گھر ہے، اگر ہم اس کا خیال نہیں رکھیں گے تو ہمارا مستقبل خطرے میں پڑ سکتا ہے۔

آخر میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی شہر کو ایک خوبصورت، سرسبز اور ماحول دوست شہر بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی، اور عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اس قومی ذمہ داری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

مزید خبریں