بدھ,  22 اپریل 2026ء
یونیورسٹی آف ہری پور اور گواہ ایڈورٹائزمنٹ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) یونیورسٹی آف ہری پور اور گواہ ایڈورٹائزمنٹ (SMC) پرائیویٹ لمیٹڈ، اسلام آباد کے درمیان باہمی مفاہمت نامہ (MoU) طے پا گیا ہے، جو تعلیمی و صنعتی روابط کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف ہری پور (UoH) نے طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ عملی اور پیشہ ورانہ مواقع فراہم کرنے کے عزم کے تحت اس معاہدے پر دستخط کیے۔ اس اشتراک کے ذریعے دونوں ادارے مشترکہ طور پر تعلیمی، تحقیقی اور ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ دیں گے تاکہ طلبہ کو صنعت سے وابستہ مہارتیں اور عملی تجربہ حاصل ہو سکے۔

معاہدے کی نمایاں خصوصیت ٹی ایم اے ہال ہری پور میں 3 روزہ “ایجوکیشنل اینڈ جاب ایکسپو 2026” کا انعقاد ہے، جس میں یونیورسٹی آف ہری پور کلیدی کردار ادا کرے گی۔ اس کے علاوہ دونوں ادارے سائنسی سیمینارز، کانفرنسز، سمپوزیم اور ورکشاپس کے انعقاد میں بھی باہمی تعاون کریں گے۔

مزید برآں، معلومات کے تبادلے، اشاعتی مواد، تحقیقی رپورٹس اور دیگر تعلیمی دستاویزات کی فراہمی کو فروغ دیا جائے گا، جبکہ ضرورت کے مطابق تکنیکی اور مشاورتی خدمات بھی فراہم کی جائیں گی، جس سے طلبہ اور فیکلٹی کو جدید علمی و پیشہ ورانہ مواقع میسر آئیں گے۔

یہ مفاہمتی یادداشت یونیورسٹی آف ہری پور کے رجسٹرار ریاض محمد اور گواہ ایڈورٹائزمنٹ کے سی ای او شاہد اختر اعوان کے درمیان دستخط کی گئی، جس میں دونوں اداروں کے نمائندگان بھی شریک تھے۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمٰن نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور اس نوعیت کی شراکت داریاں طلبہ کو عملی میدان میں آگے بڑھنے کے لیے بہترین مواقع فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی مستقبل میں بھی ایسی مؤثر شراکت داریاں قائم کرتی رہے گی جو طلبہ، فیکلٹی اور معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں۔

مزید خبریں