پیر,  20 اپریل 2026ء
گرمی کی شدت میں اضافے سے شارٹ فال میں اضافے کا خدشہ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاور ڈویژن نے گرمی کی شدت میں اضافے سے شارٹ فال میں اضافے کا خدشہ ظاہر کردیا اور کہا ایل این جی پلانٹس سے پیداوار شروع نہ کرنے سے شارٹ فال بے قابو ہوسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر پاور ڈویژن نے بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لیے ہنگامی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔

پاور ڈویژن نے پیٹرولیم ڈویژن کو ایک باضابطہ خط ارسال کیا ہے ، جس میں بجلی کی پیداوار کے لیے 400 ایم ایم سی ایف ڈی ایل این جی فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پاور ڈویژن کا موقف ہے کہ گرمی بڑھنے سے بجلی کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اگر ایل این جی پلانٹس سے فوری پیداوار شروع نہ کی گئی تو بجلی کا شارٹ فال بے قابو ہو سکتا ہے۔

ایل این جی پر چلنے والے پاور پلانٹس مجموعی طور پر 6 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ م کے الیکٹرک نے بھی اپنی ایل این جی کی ضروریات کے حوالے سے حکومت کو آگاہ کر دیا ہے۔

پیٹرول سے بھرے 2 مزید بڑے بحری جہاز کراچی پہنچ گئے

خط میں واضح کیا گیا ہے کہ بجلی کی پیداوار کے لیے ایل این جی کی فراہمی ناگزیر ہو چکی ہے، ڈیزل اور فرنس آئل کی نسبت اسپاٹ کارگوز (ایل این جی) سے بجلی پیدا کرنا کم مہنگا پڑے گا۔

اگر ایل این جی دستیاب نہ ہوئی تو مہنگے ڈیزل پر انحصار بڑھے گا، جس کا براہِ راست بوجھ صارفین پر ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی صورت میں پڑے گا۔

پاور ڈویژن نے آئندہ ہفتوں کے لیے بجلی کی طلب و رسد کا تخمینہ بھی فراہم کر دیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ قطر سے ایل این جی کے اضافی کارگوز لانے کے لیے فوری انتظامات کرے تاکہ سسٹم میں گیس کی کمی کو پورا کیا جا سکے اور عوام کو لوڈ شیڈنگ کے بڑے بحران سے بچایا جا سکے۔

مزید خبریں