اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وفاقی وزیراطلاعات عطاتارڑ کا کہنا ہے کہ عالمی میڈیا کے لیے ویزہ آن آرائیول کی سہولت دی گئی ہے تاہم بھارت سے کوئی صحافی نہیں آ رہا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ “اسلام آباد ٹاکس” کی عالمی میڈیا کوریج کے لیے کنونشن سینٹر میں اسٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں اور میڈیا سینٹر مکمل طور پر آپریشنل ہو چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا سے آنے والے صحافیوں کو “ویزہ آن آرائیول” کی خصوصی سہولت دی جائے گی تاکہ کوریج میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ اب تک 100 سے زائد غیر ملکی صحافیوں نے ویزوں کے لیے درخواستیں دی ہیں، جن میں سے 69 صحافیوں کو ویزے جاری کیے جا چکے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چین، جاپان، کوریا، اور جرمنی سمیت دنیا بھر سے میڈیا نمائندے پاکستان پہنچ رہے ہیں۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایران سے مذاکرات کیلئے پاکستان پہنچ گئے
ایک سوال کے جواب میں عطا اللہ تارڑ نے واضح کیا کہ بھارت سے کوئی بھی صحافی کوریج کے لیے پاکستان نہیں آ رہا۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا، “بھارت کے حوالے سے کچھ نہیں کہنا چاہتا، ہمارا ان سے کوئی مقابلہ نہیں ہے۔”
انھوں نے کہا کہ پاکستان اپنی آزاد خارجہ پالیسی پر کاربند ہے اور ہر محاذ پر ایک ذمہ دار ملک کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ “اسلام آباد ٹاکس” کے دوران صحافیوں کو ہر ممکنہ آسانی فراہم کی جائے تاکہ اس اہم سفارتی ایونٹ کے مثبت اثرات پوری دنیا تک پہنچ سکیں۔











