اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ایران سے جامع جنگ بندی مذاکرات کے لیے امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
جے ڈی وینس کے ہمراہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر اسٹیو وٹکوف اور داماد جیرڈ کشنر بھی اسلام آباد پہنچے ہیں۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکی نائب صدر کا استقبال کیا۔
امریکی نائب صدر کے طیارے نے مشرق وسطیٰ ممالک کی فضا کو نظر انداز کرکے طویل راستہ اختیار کیا اور میری لینڈ سے روانگی کے بعد طیارے نے پیرس میں ڈھائی گھنٹے اسٹاپ اوور کیا۔
امریکہ–ایران جنگ بندی: عالمی رہنماؤں کی حمایت، مستقل امن کے لیے فوری مذاکرات پر زور
امریکی نائب صدر کے طیارے نے طویل افغان کی فضائی حدود استعمال نہیں کی، ان کا خصوصی طیارہ جارجیا، آذربائیجان، ترکمنستان اور تاجکستان کے راستے پاکستان پہنچا۔
جے ڈی وینس کا طیارہ 10 بجے چترال کے قریب سے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا، پاکستان کی فضائی حدود میں ائیر فورس کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا اور خصوصی طیارے نے صبح 10:33 بجے نورخان ائیر بیس پر لینڈ کیا۔











