اسلام آباد(سعد عباسی) اسلام آباد ماڈل ٹریفک پولیس ملک کا پہلا ادارہ بن گیا ہے جس نے وزیراعظم کی کفایت شعاری (قومی بچت) پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے جدید الیکٹرک وہیکلز کو اپنی فورس کا حصہ بنا لیا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب کے دوران جدید ترین الیکٹرک گاڑیاں اسلام آباد ماڈل ٹریفک پولیس کے حوالے کیں۔
اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس سید علی ناصر رضوی نے وزیراعظم اور وزیر داخلہ کو نئے الیکٹرک وہیکل اسکواڈ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ سی ٹی او محمد سرفراز ورک کی زیر نگرانی 15 جدید الیکٹرک گاڑیوں پر مشتمل خصوصی اسکواڈ تشکیل دیا گیا ہے۔
اے این ایف کا ملک بھر میں کریک ڈاؤن: خاتون سمیت 4 ملزمان گرفتار، 13 کلو سے زائد منشیات برآمد
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال نہ صرف ماحول دوست ہے بلکہ قیمتی زرمبادلہ کی بچت میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کو مزید 15 الیکٹرک گاڑیاں فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔
وزیراعظم نے تمام صوبائی اور وفاقی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی ہدایت کی کہ وہ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دیں تاکہ ملک میں ایندھن کے اخراجات کم کیے جا سکیں۔
وزیراعظم نے اس اقدام پر وزیر داخلہ محسن نقوی، آئی جی سید علی ناصر رضوی اور سی ٹی او محمد سرفراز ورک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
اسلام آباد ماڈل ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کو بہتر اور مؤثر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔











