مانچسٹر(رپورٹ: شیخ اعجاز افضل) پریس کلب آف پاکستان یوکے اور پاکستان پیپلز پارٹی گریٹر مانچسٹر کے باہمی اشتراک سے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو شہید کی برسی “یومِ شہادت قائد عوام” کے عنوان سے انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی اوورسیز پاکستانی کمیشن پنجاب کے وائس چیئرپرسن و صوبائی وزیر بیرسٹر امجد ملک تھے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے سینئر نائب صدر خواجہ کلیم الرحمن اور صدر گریٹر مانچسٹر خواجہ صالح کلیم بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ تقریب کی صدارت برطانیہ کے معروف قانون دان و سماجی شخصیت ڈاکٹر لیاقت ملک نے کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو دی جانے والی پھانسی کو سپریم کورٹ آف پاکستان اپنے فیصلے میں عدالتی قتل قرار دے چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو ایک عالمی رہنما تھے جنہوں نے مسلم ممالک کے رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا۔
خواجہ کلیم الرحمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھٹو کی شہادت سے ملک میں ایسا خلا پیدا ہوا جو آج تک پُر نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی بحالی کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔
صدارتی خطاب میں ڈاکٹر لیاقت ملک نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی وہ جماعت ہے جو چاروں صوبوں کی نمائندگی کرتی ہے اور اس نے عوام، مزدوروں، کسانوں اور طلبہ میں شعور بیدار کیا اور انہیں اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کا حوصلہ دیا۔
پریس کلب آف پاکستان یوکے کے چیئرمین شیخ اعجاز افضل نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا، جبکہ صدر محمود اصغر چوہدری نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب سے دیگر مقررین میں مسلم لیگ (ن) برطانیہ کے سینئر نائب صدر حمزہ باسط بٹ، چوہدری عارف پندھیر، تاثیر احمد چوہدری، ڈاکٹر فہد اور ہیڈ آف میڈیا افیئرز راجہ واجد حسین شامل تھے، جنہوں نے ذوالفقار علی بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تقریب کی نظامت کے فرائض سیکرٹری جنرل حبیب الرحمن نے انجام دیے۔ اس موقع پر پریس کلب کے عہدیداران رانا خالد محمود، شعیب گجر، سید ناصر شاہ، شکیل سلام، ندیم اختر کسانہ اور سمیرا اشرف سمیت پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر سید معروف شاہ نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔











