کراچی(روشن پاکستان نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے محکمہ ایکسائز کی ویب سائٹ سے رجسٹرڈ موٹر سائیکل مالکان 2 ہزار روپے کی سبسڈی کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا 2 ہزار روپے کی پیٹرول سبسڈی صرف رجسٹرڈ موٹر سائیکل مالکان کو ملے گی، موٹر سائیکل سواروں کو سبسڈی دینے کے سلسلے کا آغاز ہوگیا ہے، محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی ویب سائٹ پر رجسٹریشن چیک کی جاسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا اگر کسی موٹرسائیکل کو اپنے نام کرنا ہے تو اس کی فیس ختم کردی ہے، محکمہ ایکسائز کے دفاتر صبح سے رات تک کھلے رہیں گے، ہفتے اور اتوار کے روز بھی موٹر سائیکل اپنے نام کروائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل صارف کو خودکار نظام کے تحت بینک اکاؤنٹ میں فیول سبسڈی رقم ملے گی، ضروری ہے کہ موٹرسائیکل اپنے نام کروائیں اور بینک اکاؤنٹ بھی آپ کے نام پر ہو۔
مراد علی شاہ اور ان کی جماعت 16 برس سے حکمران ہے اپنی کارکردگی بتائیں، عظمیٰ بخاری
مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ میں 6.7 ملین رجسٹرڈ موٹرسائیکلیں ہیں، یقین رکھیں اپریل میں 2 ہزار روپے سبسڈی دے دی جائے گی، اگر آپ کے نام پر ایک سے زیادہ موٹرسائیکل ہیں تو ایک ہی سبسڈی ملے گی۔
ان کا کہنا تھا محکمہ ایکسائز کی ویب سائٹ پر آپ اپنا شناختی کارڈ نمبر اور رجسٹریشن نمبر ڈالیں گے، اگر گاڑی آپ کے نام رجسٹرڈ ہوگی تو آپ کے موبائل پر ایک کوڈ آئے گا، جس کے اندراج کے بعد آپ کو اپنا بینک اکاؤنٹ نمبر دینا ہوگا، سبسڈی کی رقم براہ راست بینک اکاؤنٹ میں جائے گی۔
ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرائے بڑھانے سے متعلق سوال پر مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے تمام ٹرانسپورٹرز کو بٹھایا انہوں نے کرایہ نا بڑھانے کی تصدیق کی،اگر کرایہ زیادہ لیا جارہا ہے تو یہ جرم ہے، ان کے خلاف کارروائی کی جائےگی،
ہم ٹرانسپورٹر کو پیسے دینے کی بجائے براہ راست عوام تک پہنچ رہے ہیں، ہمیں سب کو سبسڈی دینے کی بجائے براہ راست ضروت مندوں تک پہنچنا چاہیے۔











