بدھ,  01 اپریل 2026ء
اسلام آباد پولیس کا مؤثر کریک ڈاؤن، درجنوں جرائم پیشہ عناصر گرفتار

اسلام آباد(سعد عباسی) وفاقی دارالحکومت میں جرائم کے خاتمے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اسلام آباد پولیس کی جانب سے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔

سید علی ناصر رضوی (انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد) کے خصوصی احکامات پر مختلف تھانوں کی پولیس ٹیموں نے کارروائیاں کرتے ہوئے سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر اقدامات کیے۔ تھانہ انڈسٹریل ایریا، سبزی منڈی، نون، کرپا اور لوہی بھیر پولیس نے مشترکہ کارروائیوں میں 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن کے قبضے سے 220 گرام آئس، ایک خنجر اور آٹھ پستول معہ ایمونیشن برآمد کیے گئے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروران کے خلاف خصوصی مہم کے دوران مزید 46 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

اسلام آباد :48 گرینڈ سرچ اینڈ کومنگ آپریشنز کے دوران 21غیر ملکیوں سمیت221 مشکوک افراد گرفتار

قاضی علی رضا (ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد) نے کہا کہ پولیس شہریوں کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے اور کسی بھی جرائم پیشہ عنصر کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر ایمرجنسی ہیلپ لائن “پکار 15” پر دیں۔

دوسری جانب، شہر کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ اور کومنگ آپریشنز بھی کیے گئے، جن کے دوران 767 افراد، 333 گھروں، 32 ہوٹلوں، 149 دکانوں، 241 موٹر سائیکلوں اور 80 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔ اس دوران 64 مشکوک افراد اور 36 موٹر سائیکلوں کو مزید جانچ پڑتال کے لیے تھانوں منتقل کیا گیا۔

علاوہ ازیں، تھانہ بہارہ کہو پولیس نے ایک کارروائی کے دوران شہریوں کو جعلی شادی کا جھانسہ دے کر لوٹنے والے ملزم مدثر عابد کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی تنویر حسین مگسی کی قیادت میں کی گئی، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر، قبضہ مافیا اور منشیات فروشوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہر کو جرائم سے پاک بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں