جمعرات,  26 مارچ 2026ء
راولپنڈی: لیاقت باغ کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے ہارٹیکلچر ایجنسی کے خصوصی اقدامات

راولپنڈی(عرفان حیدر) موسمِ بہار کی آمد کے موقع پر شہر کے معروف تفریحی و تاریخی مقام لیاقت باغ کو مزید خوبصورت اور دلکش بنانے کے لیے ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ایجنسی، احمد حسن رانجھا کی ہدایات پر پارک میں سجاوٹ، تزئین و آرائش اور رنگ برنگے پھولوں اور پودوں کی دیکھ بھال کے جامع انتظامات کیے گئے ہیں۔ ایجنسی کے مطابق شہر بھر کے پارکس کو خوبصورت بنانے کے سلسلے میں کام جاری ہے، جبکہ لیاقت روڈ کی گرین بیلٹس پر بھی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

پی ایچ اے راولپنڈی کا سرسبز و شاداب شہر کی جانب اہم قدم، نرسریز میں پودوں کی افزائش اور خود کفالت کا عمل جاری

لیاقت باغ میں لگائے گئے رنگ برنگے پھول اور سرسبز پودے بہار کا حسین منظر پیش کر رہے ہیں۔ موسم کی تبدیلی کے پیشِ نظر پودوں اور پھولوں کو نقصان سے بچانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ ان کی افزائش بہتر انداز میں جاری رہے۔ سجاوٹ اور باغبانی کے باعث پارک میں خوشنما فضا شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔

ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کا عملہ پوری محنت، لگن اور ذمہ داری کے ساتھ لیاقت باغ میں دیکھ بھال کے امور سرانجام دے رہا ہے جس کے نتیجے میں پارک کی مجموعی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ شہریوں نے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں بھی شہر کے دیگر پارکس میں اسی طرح کے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

مزید خبریں