اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان، علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے عید الفطر کے بابرکت موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں امتِ مسلمہ کو درپیش سنگین چیلنجز کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں سے تجدیدِ عہد اور جدوجہد کے عزم کو دہرانے کا دن ہے، بیت المقدس، غزہ اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت امتِ مسلمہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور موجودہ حالات ہم سے اتحاد، بصیرت اور عملی اقدامات کا تقاضا کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ مسلم دنیا کو اپنے اختلافات پس پشت ڈال کر ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا ہوگا تاکہ ظلم و جارحیت کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکے۔ علامہ شبیر میثمی نے آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای، ان کے اہلِ خانہ اور رفقاء کی مظلومانہ شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سانحہ نہ صرف ایران بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے ایک عظیم صدمہ ہے۔ انہوں نے اس موقع پر عید الفطر کو سادگی سے منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل شہداء کے ساتھ عملی یکجہتی کا مظہر ہوگا اور ملک بھر کے علماء کرام، خطباء اور عوام سے اپیل کی کہ عید الفطر کے خطبات میں امریکہ و اسرائیل کی جانب سے ایران پر مسلط کردہ جنگ کی بھرپور مذمت کی جائے اور اس ظلم کے خلاف آواز بلند کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت خاموش رہنے کا نہیں بلکہ حق اور انصاف کے ساتھ کھڑے ہونے کا ہے، ایران نے وقت کے فرعون کو رسوا کر دیا ہے، اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ امت مسلمہ کو اتحاد، استقامت اور حق کے دفاع کی توفیق عطا فرمائے، اور مظلومین کو کامیابی و نصرت نصیب ہو۔ آمین










