احمد آباد (روشن پاکستان نیوز) بھارت اعزاز کا دفاع کرے گا یا پھر نیوزی لینڈ پہلی بار چیمپئن بنے گا ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل آج کھیلا جا رہا ہے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کا فیصلہ کن میچ (فائنل) آج احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ کیا بھارت اپنے اعزاز کا دفاع کر پائے گا یا پھر نیوزی لینڈ چیمپئن بن کر پہلی بار ٹرافی اٹھائے گا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ میں اگلے دو سال کے لیے حکمرانی کا تاج کون سجائے گا، فیصلہ ہونے میں چند گھنٹے باقی ہیں۔ بھارت اگر جیتا تو مسلسل دو ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے والی پہلی ٹیم بن جائے گی۔ کیویز اگر فاتح رہے تو پہلی بار چیمپئن بن کر نئی تاریخ بنائیں گے۔
بھارت کو ورلڈ کپ میں سپر ایٹ مرحلے میں صرف جنوبی افریقہ سے شکست ہوئی جب کہ نیوزی لینڈ کو گروپ میں جنوبی افریقہ اور پھر سپر ایٹ میں انگلینڈ نے ہرایا۔
پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے راؤنڈ میچ کی شکست کا جواب دیتے ہوئے پروٹیز کو چاروں شانے چت کیا اور ان کے چوکر ہونے کے خطاب کو مزید پختہ کیا۔ بھارت انگلینڈ کو زیر کر کے فائنل تک پہنچا۔
پاک نیوزی لینڈ میچ بارش سے متاثر، بھارت فکر مند کیوں؟
بات کی جائے دونوں ٹیموں کی طاقت کی تو فریقین بیٹنگ پاور ہاؤس سے لیس ہیں۔
کیویز نے اگر سیمی فائنل میں 13 اوورز میں 170 رنز کا ہدف پورا کیا۔ تو بھارت نے ناک آؤٹ میچ میں 253 رنز بنا ڈالے۔
تاہم آج بیٹنگ کے ساتھ بولنگ میں بھی کمال دکھانا ہوگا۔ جو پریشر کو قابو کر پائے گا، وہی چیمپئن کہلائے گا۔
فائنل میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا۔ میچ سے قبل شائقین میوزیکل کنسرٹ سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔











