هفته,  07 مارچ 2026ء
پاکستان انویسٹر فورم کے نائب صدر چوہدری افتخار چیمہ کی جانب سے افطار پارٹی کا اہتمام

جدہ(روشن پاکستان نیوز) پاکستان انویسٹر فورم کے نائب صدر چوہدری افتخار چیمہ کی جانب سے ماہِ رمضان المبارک کے بابرکت موقع پر ایک باوقار افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا، جس میں سیاسی، سماجی اور کاروباری حلقوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد باہمی روابط کو فروغ دینا اور کاروباری برادری کے درمیان ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانا تھا۔

تقریب میں پاکستان انویسٹر فورم کے صدر چوہدری شفقت محمود، جنرل سیکرٹری عبدالخالق لک، پاکستان مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے جنرل سیکرٹری ملک منظور حسین، انجم وڑائچ، اکرم گجر، اظہر وڑائچ، شہباز بھٹی اور چوہدری شہباز سمیت دیگر نمایاں شخصیات شریک ہوئیں۔ اس موقع پر احسن مغل، ملک محسن اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی کاروباری و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ ہمیں اتحاد، بھائی چارے اور باہمی احترام کا درس دیتا ہے۔ اس طرح کی تقریبات نہ صرف سماجی روابط کو مضبوط بناتی ہیں بلکہ کاروباری اور سرمایہ کار برادری کے درمیان تعاون کو بھی فروغ دیتی ہیں، جو ملکی معیشت کے استحکام کے لیے نہایت اہم ہے۔

اس موقع پر چوہدری افتخار چیمہ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان انویسٹر فورم سرمایہ کاروں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنے اور کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔ تقریب خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔

مزید خبریں