هفته,  07 مارچ 2026ء
عالمی یومِ خواتین: اسلام آباد میں شارپ پاکستان کے زیر اہتمام تقریب، نمایاں خواتین کو خراجِ تحسین

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)شارپ پاکستان کے زیرِ اہتمام وفاقی دارالحکومت میں عالمی یومِ خواتین کے موقع پر ایک پُرجوش اور بامقصد تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سول سوسائٹی کے رہنماؤں، قانونی شعبے سے وابستہ خواتین اور محکمہ پولیس کی افسران نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا مقصد خواتین کی خدمات اور کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور معاشرے میں صنفی مساوات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرنا تھا۔تقریب کے دوران مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دینے والی خواتین کو سراہا گیا جبکہ مشکل حالات کا سامنا کرنے والی خواتین کی فلاح و بہبود اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔پراجیکٹ ڈائریکٹر عاطف افضل نے تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے معاشرے میں خواتین کے اہم اور مؤثر کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی ترقی اور بااختیاری ایک مضبوط اور متوازن معاشرے کی بنیاد ہے۔ اس موقع پر مختلف تعاملی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا جن کے ذریعے خواتین کو سیکھنے، خیالات کے تبادلے اور اپنی صلاحیتوں کے مؤثر اظہار کے مواقع فراہم کیے گئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین شارپ پاکستان سید لیاقت بنوری ایڈووکیٹ نے صنفی مساوات اور خواتین کی بااختیاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ اور انہیں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا ایک مہذب معاشرے کی پہچان ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شارپ پاکستان خواتین کے حقوق کے فروغ اور ان کی کامیابیوں کے اعتراف کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔اس موقع پر انہوں نے “شارپ ویمن” منصوبے کے آغاز کا اعلان بھی کیا۔ یہ ایک اہم اقدام ہے جس کا مقصد صنفی حساس انصاف کے نظام کو مضبوط بنانا، خواتین کی قیادت کو فروغ دینا، ملک بھر میں خواتین وکلا کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ کرنا اور انصاف کے شعبے میں ان کے مؤثر کردار کو مزید فعال بنانا ہے۔تقریب کی مہمانِ خصوصی اسلام آباد پولیس ہیڈکوارٹر کی سپرنٹنڈنٹ پری گل ترین نے اپنے خطاب میں خواتین کی بااختیاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اپنی متاثر کن زندگی کے سفر کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح وہ خیبر پختونخوا کی بیٹی سے دارالحکومت میں ایک اہم محکمے کی قیادت تک پہنچیں۔ انہوں نے خواتین کو اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کی ترغیب دی اور شرکاء پر زور دیا کہ وہ خواتین کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔

مزید خبریں