پیر,  16 فروری 2026ء
سابق وزیراعظم عمران خان کے طبی معائنے کی رپورٹ سامنے آ گئی

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)  سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان  کے طبی معائنے کی رپورٹ سامنے آ گئی۔

73 سالہ سابق وزیراعظم کا 15 فروری 2026 کو میڈیکل بورڈ کے ذریعے تفصیلی طبی معائنہ مکمل کیا گیا۔میڈیکل بورڈ میں الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال کے پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی اور پمز کے پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف خان شامل تھے۔

رپورٹ کے مطابق سنٹرل میکیولر تھکنس 550 سے کم ہو کر 350 ہوئی جو نمایاں بہتری ہے۔متاثرہ دائیں آنکھ کی بینائی 6/36 سے بہتر ہو کر 6/9 ہوئی ہے، جو موجودہ مرحلے پر تسلی بخش ہے۔بغیر عینک دائیں آنکھ کی بینائی 6/24 اور بائیں آنکھ کی 6/9 ریکارڈ کی گئی ہے۔عینک کے ساتھ دائیں آنکھ 6/9 جبکہ بائیں آنکھ 6/6 ہو گئی ہے۔

رپورٹ میں آنکھوں کی موجودہ میڈیکل کنڈیشن کی تمام تفصیل شامل ہے۔میڈیکل بورڈ نے رپورٹ میں آئندہ کا علاج اور ادویات بھی تجویز کی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق  نیواناک آئی ڈراپس دونوں آنکھوں کیلئے روزانہ دو بار دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کو-سوپٹ آئی ڈراپس صرف دائیں آنکھ کیلئے روزانہ دو بار جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔سسٹین الٹرا آئی ڈراپس دونوں آنکھوں کیلئے دن میں تین بار استعمال کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی بینائی میں نمایاں بہتری آگئی

میڈیکل رپورٹ میں اینٹی-VEGF انجیکشن کی دوسری خوراک شیڈول کے مطابق دینے کی تجویز کی گئی ہے۔مزید تشخیص کیلئے OCT اینجیوگرافی اور اینٹی-VEGF مکمل ہونے کے بعد FFA ٹیسٹ کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

میڈیکل بورڈ کے دورہ اڈیالہ جیل کے بعد بیرسٹر گوہر خان اور علامہ راجہ ناصر عباس پمز پہنچے جہاں  ماہرین نے تفصیلی بریفنگ دی۔

رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کے ذاتی معالجین ڈاکٹر عاصم یوسف اور ڈاکٹر خرم مرزا کو بھی فون پر بریفنگ دی گئی،پارٹی رہنماؤں اور ذاتی معالجین کا جاری علاج اور فالو اپ پلان پر مکمل اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا گیا۔

بانی پی ٹی آئی کے میڈیکل چیک اپ کی رپورٹ دونوں ڈاکٹروں کے دستخط سے جاری کی گئی۔

مزید خبریں