اڈیالہ روڈ و دھاماں سیداں میں پانی کی شدید قلت، عوام کا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو کھلا خط

راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) — راولپنڈی کے علاقے اڈیالہ روڈ اور یونین کونسل دھاماں سیداں کے باسیوں نے پانی کی شدید قلت پر وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے نام ایک کھلا خط جاری کیا ہے، جس میں پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ ایک لاکھ سے زائد آبادی پر مشتمل یہ علاقہ گزشتہ کئی دہائیوں سے پینے کے پانی کی بنیادی سہولت سے محروم ہے۔ عوامی خدمت کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ خط میں انکشاف کیا گیا کہ تقریباً 30 سال قبل دھاماں سیداں واٹر سپلائی اسکیم کے نام پر اربوں روپے کی لاگت سے منصوبہ شروع کیا گیا، جس میں پہلے داھگل اور بعد ازاں گورگھپور میں کنویں کھودے گئے، مگر آج تک پانی کی فراہمی یقینی نہیں بنائی جا سکی۔

خط میں واسا کی کارکردگی پر سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ شہریوں سے ماہانہ لاکھوں روپے بلوں کی مد میں وصول کیے جا رہے ہیں، جبکہ واسا کا عملہ ناکام اور بعض اہلکار کرپشن میں ملوث ہیں۔ ایک ملازم کو چوری شدہ پانی پرائیویٹ ٹینکروں کو فروخت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، مگر اثرورسوخ کے باعث اسے سزا نہیں ملی۔

عوام نے خط میں نشاندہی کی کہ واٹر ٹینکر مافیا سرگرم ہے اور فی ٹینکر 4 سے 5 ہزار روپے وصول کیے جا رہے ہیں، جس نے عام شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ:

  1. دھاماں سیداں واٹر سپلائی اسکیم کا فوری آڈٹ کروایا جائے۔

  2. پانی کی شفاف، منصفانہ اور باقاعدہ فراہمی یقینی بنائی جائے۔

  3. کرپٹ اور نااہل اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

  4. پرائیویٹ واٹر ٹینکر مافیا کو کنٹرول کر کے قیمتیں معتدل کی جائیں۔

اہلِ علاقہ نے امید ظاہر کی ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب اس انسانی مسئلے پر فوری نوٹس لیں گی اور عوام کو ان کا بنیادی حق — صاف پانی — فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں گی۔

مزید خبریں