مظفرگڑھ: پسند کی شادی نہ ہونے پر مبینہ طور پر لڑکی نے پورے خاندان کو زہر دے دیا، 13 افراد جاں بحق، 14 اسپتال میں زیرِ علاج

مظفرگڑھ(روشن پاکستان نیوز) مظفرگڑھ کے نواحی علاقے بستی لاشاری میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک لڑکی نے مبینہ طور پر اپنی مرضی کے خلاف شادی ہونے پر اپنے خاندان کے 27 افراد کو زہر دے دیا۔ واقعے میں 13 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 14 کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں مقامی اسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق لڑکی نے اپنے مبینہ محبوب کے ساتھ مل کر یہ گھناؤنا قدم اٹھایا۔ دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور دورانِ تفتیش انہوں نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس افسوسناک واقعے کی جڑ لڑکی کی ناپسندیدہ شادی بنی، جس پر اس نے انتقامی قدم اٹھایا۔ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے اور عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

مقامی افراد اور سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ والدین کو چاہیے کہ وہ شادی جیسے اہم فیصلے میں بچوں کی رائے کو اہمیت دیں تاکہ اس قسم کے اندوہناک واقعات سے بچا جا سکے۔

واضح رہے کہ کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ پرانا ہے، تاہم سوشل میڈیا پر اسے دوبارہ تازہ واقعے کے طور پر شیئر کیا جا رہا ہے۔ حکام اس حوالے سے مزید تفتیش کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ’شادی وقت کا ضیاع‘: چینی شخص نے نوکری اور گھر بار چھوڑ کر غار میں بسیرا کرلیا

مزید خبریں