جمعرات,  19 جون 2025ء
ڈاکٹر عبدالقدیر خان — پاکستان کا محافظ، قوم کا ہیرو، تفصیلی رپورٹ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا نام جب بھی لیا جائے گا، ایک عظیم محب وطن، مخلص سائنسدان اور پاکستان کے محافظ کے طور پر لیا جائے گا۔ اُن کی زندگی پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے خواب سے جڑی ہوئی تھی، ایک ایسا خواب جسے انہوں نے نہ صرف دیکھا بلکہ اپنی انتھک محنت، علم، تجربے اور بے مثال جذبے سے حقیقت میں بدل دیا۔

آج پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے، اور دنیا کی کوئی طاقت ہمیں میلی آنکھ سے دیکھنے سے پہلے کئی بار سوچتی ہے۔ یہ سب کچھ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی قربانیوں اور کوششوں کی بدولت ہے۔ انہوں نے ایسے وقت میں قوم کی خدمت کا بیڑا اٹھایا جب پاکستان اندرونی اور بیرونی خطرات سے دوچار تھا، اور دشمن ہمیں کمزور سمجھتا تھا۔ انہوں نے دشمن کے تمام اندازے غلط ثابت کیے۔

لیکن یہ بات دل کو چیر کر رکھ دیتی ہے کہ اس عظیم محسن کے ساتھ زندگی کے آخری ایام میں جو سلوک روا رکھا گیا، وہ کسی بھی قوم کے ہیرو کے ساتھ نہیں ہونا چاہیے تھا۔ انہیں نظر بند رکھا گیا، ان پر الزامات لگے، اور وہ بار بار اپنی وفاداری اور خدمت کا ثبوت دیتے رہے، لیکن انہیں وہ عزت نہ دی گئی جس کے وہ واقعی مستحق تھے۔

مزید پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر کی صدر ٹرمپ کو حکومت پاکستان کی جانب سے دورہ پاکستان کی دعوت

ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے اپنی تمام تر ذہانت، توانائی، اور وقت پاکستان کے لیے وقف کیا، لیکن اُن کی قربانیوں کا صلہ انہیں زندگی بھر نہ مل سکا۔ تاہم، اُن کی خدمات تاریخ کے اوراق پر ہمیشہ سنہری حروف میں لکھی جائیں گی۔ آج اگر پاکستانی قوم سکون کی نیند سوتی ہے، تو وہ اسی شخص کی مرہونِ منت ہے جس نے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بنا دیا۔

قوم کو چاہیے کہ وہ اپنے اس محسن کو نہ صرف یاد رکھے بلکہ نئی نسل کو بھی ان کی قربانیوں سے روشناس کرائے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان ایک نظریہ، ایک تحریک اور ایک جذبے کا نام ہے — اور ایسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔

مزید خبریں