گجرات: جلالپور جٹاں میں فائرنگ، معروف ٹک ٹاکر مقدر عباس قتل، دو ملزمان گرفتار

گجرات (نمائندہ خصوصی) گجرات کے نواحی علاقے جلالپور جٹاں میں فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں معروف ٹک ٹاکر مقدر عباس کو قتل کر دیا گیا۔ واردات کے فوری بعد پیٹرولنگ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے موقع سے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ دو دیگر ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق قتل کی یہ لرزہ خیز واردات تھانہ ٹانڈا اور جلالپور جٹاں کے درمیان پیش آئی۔ نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ٹک ٹاکر مقدر عباس کو نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہونے لگے۔ تاہم پیٹرولنگ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ دیگر دو ملزمان فرار ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔

مقتول کے بھائی نے الزام لگایا ہے کہ یہ واردات خاندانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔ اُس کا کہنا تھا کہ مقدر عباس کو اُن کے ماموں کے بیٹوں نے قتل کیا، جن میں اویس اور زاہد شامل ہیں جبکہ دیگر دو ملزمان میں خالد اور اُس کا بیٹا شامل ہیں۔

ورثاء نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فرار ہونے والے ملزمان کو جلد گرفتار کر کے مقتول کو انصاف فراہم کیا جائے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تفتیش جاری ہے اور باقی ملزمان کو بھی جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی میں ڈاکوؤں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں کانسٹیبل شہید

مزید خبریں