راولپنڈی (کرائم رپورٹر) – راولپنڈی پولیس کی جانب سے مختلف تھانوں کی حدود میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، جن میں خطرناک ملزم کی ہلاکت، چوری شدہ کتب کی برآمدگی، منشیات فروشوں اور اسلحہ رکھنے والوں کی گرفتاری شامل ہے۔
روات میں پولیس پارٹی پر فائرنگ، خطرناک ملزم ہلاک
تھانہ روات کے علاقے بنگیال میں پولیس ریڈنگ پارٹی پر خطرناک ملزمان نے تقریباً دو گھنٹے تک فائرنگ کی۔ مقابلے کے دوران منشیات فروشی، قتل، اغواء اور بھتہ خوری میں ملوث انتہائی خطرناک و مطلوب ملزم واحد عرف واحدی ہلاک ہو گیا۔ اس کے دو ساتھی زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے جبکہ دیگر فرار ہو گئے۔ واحدی کے خلاف بیسیوں سنگین مقدمات درج تھے، اور وہ حالیہ ہفتوں میں خاتون سمیت تین افراد کے اغواء اور نازیبا ویڈیو وائرل کرنے کے واقعات میں بھی ملوث تھا۔
سی پی او سید خالد ہمدانی نے کارروائی میں بہادری دکھانے والی پولیس ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ کسی کو بھی شہریوں کے لیے خوف کی علامت نہیں بننے دیا جائے گا۔
محکمہ تعلیم کی کتابیں چوری، دو افراد گرفتار
تھانہ سٹی پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے محکمہ تعلیم کے دفتر سے 9600 سے زائد کتابیں چوری کرنے والے دو افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 9665 کتابیں برآمد کر لیں۔ یہ کتابیں حکومت پنجاب کی جانب سے پرائمری اسکولوں کے طلبہ کے لیے چھپوائی گئی تھیں۔ سی پی او راولپنڈی کے نوٹس پر فوری کارروائی کی گئی، اور ملوث افراد کو تکنیکی ذرائع اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔
منشیات کے خلاف کارروائیاں، 6 افراد گرفتار
سی پی او کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا۔ تھانہ ٹیکسلا، دھمیال، سول لائنز، چونترہ اور صادق آباد پولیس نے چھ افراد کو گرفتار کر کے 7 کلوگرام سے زائد چرس برآمد کی۔ تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔
موٹرسائیکل چور گرفتار، مسروقہ گاڑیاں برآمد
تھانہ آر اے بازار پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چوری کے مقدمات میں ملوث ایک فرد کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے تین مسروقہ موٹرسائیکلیں برآمد کر لیں۔ ایس پی پوٹھوہار طلحہ ولی کے مطابق زیر حراست فرد کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
پولیو مہم کے دوران سخت سیکیورٹی انتظامات
انسداد پولیو مہم کے تیسرے روز راولپنڈی پولیس نے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے۔ 1600 سے زائد پولیس اہلکاروں نے 218 پولیو ٹیموں کے ہمراہ ڈیوٹی سرانجام دی، جبکہ ڈولفن، محافظ اسکواڈ اور تھانوں کی موبائل گاڑیاں گشت پر مامور رہیں۔
شراب و اسلحہ برآمد، 5 افراد گرفتار
راولپنڈی پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 5 افراد کو گرفتار کر کے 21 لیٹر شراب اور اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کر لیا۔ کارروائیاں تھانہ گوجر خان، واہ کینٹ، ٹیکسلا، پیرودھائی اور صادق آباد کے علاقوں میں کی گئیں۔
سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے کہا کہ راولپنڈی پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔