راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی خواتین ونگ پنجاب کی سیکرٹری جنرل نرگس فیض ملک نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، جس نے ہمیشہ جمہوریت کی بقا، معاشی ترقی، خودمختاری اور خواتین کے سیاسی، سماجی و معاشی حقوق کے لیے عملی جدوجہد کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف چھوڑ کر پیپلزپارٹی میں شامل ہونے والی خواتین کی شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے پیپلزپارٹی میں شامل ہونے والی خواتین کو خوش آمدید کہا اور یقین دہانی کرائی کہ پارٹی کے تمام اراکین ایک سیاسی خاندان کی مانند ہیں، جو بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی قیادت میں جدوجہد جاری رکھیں گے۔
نرگس فیض ملک نے تقریب کے دوران پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی پانے پر مبارکباد بھی دی۔
شمولیتی تقریب میں سعدیہ حیات، حاجرہ اور دیگر خواتین نے پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت، بینظیر بھٹو شہید، ذوالفقار علی بھٹو، آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور نرگس فیض ملک کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی اور تقریب میں پارٹی کے جھنڈے کے رنگوں والا دوپٹہ پہنا کر عزت افزائی کی۔
اس موقع پر برگشتہ فیض اور دیگر رہنماؤں نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور سردار عاشر خان کی سیاسی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔