اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاک فوج نے بھارتی جنگجو رافیل طیارہ مار گرایا، جس کی تصدیق فرانسیسی انٹیلی جنس اہلکار نے سی این این سے گفتگومیں کی ہے۔ فرانسیسی اہلکار کے بیان کے مطابق یہ پہلا موقع ہے جب کسی جنگ میں رافیل طیارہ تباہ ہوا ہے، تاہم اس حوالے سے رافیل طیارہ بنانے والی فرانسیسی کمپنی ڈسالٹ ایوی ایشن کی جانب سے کوئی موقف سامنے نہیں آیا۔
پاکستان نے بھارتی فضائیہ کے جدید ترین جنگی طیارے رافیل کو مار گرایا ہے، جس کی تصدیق فرانسیسی انٹیلیجنس کے ایک اعلیٰ اہلکار نے عالمی نشریاتی ادارے سی این این سے گفتگو میں کر دی ہے۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق فرانسیسی انٹیلیجنس افسر نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے گرایا گیا یہ رافیل طیارہ وہ پہلا موقع ہے جب کوئی رافیل جنگ میں تباہ ہوا ہے۔ یہ طیارہ بھارتی فضائیہ کے زیر استعمال تھا اور بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف کی گئی مبینہ فضائی کارروائی کے دوران مار گرایا گیا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے بھارتی فضائیہ کے پانچ طیارے مار گرائے، جن میں سے تین رافیل تھے۔ فرانسیسی حکام اس بات کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا ایک سے زیادہ رافیل طیارے گرائے گئے ہیں یا نہیں۔
ادھر مقبوضہ کشمیر میں حادثے کا شکار ایک بھارتی طیارے کے ملبے سے ملنے والے پرزے پر فرانسیسی کمپنی کی شناخت واضح دیکھی گئی ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے یہ حتمی نتیجہ اخذ کرنا ممکن نہیں کہ وہ پرزہ رافیل طیارے ہی کا ہے۔
رافیل طیارے تیار کرنے والی فرانسیسی کمپنی ڈسالٹ ایوی ایشن (Dassault Aviation) کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی ردعمل یا وضاحت سامنے نہیں آئی۔