هفته,  23 نومبر 2024ء
بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے ، وزارت عظمیٰ پیپلز پارٹی کو دی جائے ، اہم رہنما کا مطالبہ

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)سینیٹر مشاہد حسین سید نے پی ٹی آئی کے بانی کی رہائی کا مطالبہ کیا جبکہ نواز شریف سے پیپلز پارٹی کو وزارت عظمیٰ دینے کا مطالبہ بھی کیا۔

سینیٹر مشاہد حسین سید کا سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا ہے کہ یہ خرابی 2014 کے دھرنے کی وجہ سے ہے جو سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ نے منتخب حکومت کے خلاف کیا، سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ نے عدالت اور نرم کوڈ کا استعمال کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ 2022 میں بھی پی ٹی آئی کو حکومت سے نکالنے کے لیے سافٹکو استعمال کیا گیا، جو الیکشن میں ہوا، اب پی ٹی آئی کے بانی کو رہا کیا جائے۔

سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اس سے سبق سیکھنا چاہیے، بھٹو صاحب کے ساتھ جو ہوا وہ عدالتی قتل تھا، نواز شریف کے خلاف دو بار سازش ہوئی۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر ہم نے دہشت گرد ٹی ٹی پی سے بات کی ہے تو ہم سیاسی جماعتوں سے بات کیوں نہیں کر رہے؟ مشترکہ حکومت بنائی جائے اور اس میں تمام جماعتوں کو شامل کیا جائے۔

سینیٹر مشاہد حسین سید کا یہ بھی کہنا ہے کہ عوام نے ووٹ دیا تو اسے تسلیم کیا جائے، نواز شریف کو اس وقت قیادت دکھائیں، نواز شریف وزیراعظم کا عہدہ پیپلز پارٹی کو دیں اور آگے بڑھیں۔

مزید خبریں