جمعرات,  12 دسمبر 2024ء
سیاست نفرت اور دشمنی میں بدل چکی ہے، شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سیاست نفرت اور دشمنی میں بدل چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا موجودہ نظام بہتر مستقبل دینے سے قاصر ہے، ملک میں معاملات کو سلجھانے کی ضرورت ہے، حکومت معاملات کو سلجھانے میں سنجیدہ نظر نہیں آ رہی، اپوزیشن کا رویہ بھی معاملات کو الجھانے والا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم آئین سے متصادم ہے، اصلاحات کے بغیر کوئی ملک نہیں چل سکتا، لوگ ملک سے باہر جا رہے ہیں، حکومت کو کوئی پرواہ نہیں، بندوق سے معیشت ٹھیک نہیں ہوگی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ڈی چوک واقعے پر کہہ رہی ہے کچھ نہیں ہوا، ڈی چوک واقعے کی ذمہ دار حکومت ہے، ان کا کہنا تھا کہ کوئی ایسی ویڈیو دکھا دیں جس میں مظاہرین کا حملہ نظر آ رہا ہو، حکومت ڈی چوک کا معاملہ سنبھالنے میں ناکام ہو گئی تھی۔

حکومت آج بھی انکاری ہے کہ 26 نومبر کو کوئی گولی نہیں چلی، شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ احتجاج کے دوران گولی چلنا حکومت کی سب سے بڑی ناکامی ہے، مظاہرین کے عمل سے متفق نہیں مگر انہوں نے حملہ نہیں کیا۔

مزید پڑھیں: چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بہتر حکمت عملی بنا رہے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ

بانی پی ٹی آئی نے اپوزیشن کو دیوار سے لگایا تھا آج وہی کام ہو رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ملک کے لیے سب کو ساتھ بیٹھنا پڑے گا، ملک میں آئین کے مطابق معاملات چلنے چاہئیں۔

غربت اور بے روزگاری کے خاتمے پر توجہ نہیں دی جا رہی، و زیر خزانہ کہہ رہے ہیں کہ اسٹاک مارکیٹ میں اضافہ ہوا ہے، اسٹاک مارکیٹ کے بڑھنے سے نقصان ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ لوگوں کے پاس اور کوئی آپشن نہیں جو سرمایہ کاری کریں۔

مزید خبریں