جمعه,  29 نومبر 2024ء
راچڈیل میں میئر کونسلر شکیل احمد کی قیادت میں فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا دن منایا گیا

راچڈیل(تسنیم شہزاد ملک) آج 29 نومبر، عالمی سطح پر فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا دن منایا جا رہا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے راچڈیل میں سول سوسائٹی اور مختلف مکتبہ فکر کے افراد نے بھرپور فلگ سرمنی کا انعقاد کیا، جس میں راچڈیل کے میئر کونسلر شکیل احمد نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے جھنڈا لہرایا۔

یہ دن 1947 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اس تاریخی فیصلے کی یادگار ہے، جب فلسطین کی تقسیم کے حوالے سے ایک قرارداد منظور کی گئی تھی، جس میں فلسطین کو دو آزاد ریاستوں میں تقسیم کرنے کی تجویز دی گئی تھی: ایک عرب ریاست اور ایک یہودی ریاست۔ 1977 میں اقوام متحدہ نے اس دن کو عالمی یکجہتی کے دن کے طور پر منانے کی منظوری دی تھی، تاکہ فلسطینی عوام کے حقوق کے حوالے سے عالمی سطح پر آگاہی پیدا کی جا سکے اور ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔

اقوام متحدہ کے اس اقدام نے فلسطینی عوام کی جدوجہد کے لیے عالمی حمایت کو بڑھایا اور ان کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اس دن کی مناسبت سے اقوام متحدہ نے اپنے ممبر ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ اور ان کی آزادی کے لیے اپنی کوششوں کو مزید مستحکم کریں، اور اس دن کو عوامی سطح پر منائیں۔

مزید پڑھیں: 29 نومبر: فلسطینی عوام کے ساتھ عالمی یکجہتی کا دن

یومِ یکجہتی کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ فلسطینی عوام کے حقوق کا مسئلہ صرف ایک دن کا نہیں، بلکہ ایک عالمی تحریک ہے جسے ہر سطح پر مسلسل حمایت اور توجہ کی ضرورت ہے۔ اس دن کا مقصد فلسطینی عوام کی آزادی، خودمختاری اور حقوق کی جدوجہد کو عالمی سطح پر مستحکم کرنا اور ان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔

مزید خبریں