هفته,  08  اگست 2026ء
لیڈز سٹی سینٹر میں بچوں کے ہجوم کا میک اپ اسٹور پر دھاوا، دکان قبل از وقت بند

لیڈز(روشن پاکستان نیوز) لیڈز سٹی سینٹر کے ایک معروف میک اپ اسٹور میں بچوں کے ایک بڑے گروپ کے اچانک داخل ہونے اور مبینہ ہنگامہ آرائی کے بعد اسٹاف میں خوف و بے چینی پھیل گئی، جبکہ دکان کو معمول کے وقت سے تقریباً دو گھنٹے پہلے بند کرنا پڑا۔

مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ سنٹرل آرکیڈ میں واقع اطالوی کاسمیٹکس برانڈ KIKO Milano کے اسٹور میں پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق تقریباً 200 بچوں کا گروپ اچانک دکان میں داخل ہوا، جس کے باعث اسٹاف کو صورتحال سنبھالنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ذرائع کے مطابق واقعے کے دوران بعض بچوں کی جانب سے مبینہ طور پر نامناسب رویے اور ہراسانی کی شکایات سامنے آئیں۔ صورتحال کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور ایک شخص کو گرفتار کیے جانے کی اطلاع ہے۔

واقعے کے باعث دکان میں موجود خواتین اسٹاف میں بھی تشویش پیدا ہوگئی۔ عملے کی حفاظت اور صورتحال کو مزید خراب ہونے سے روکنے کے لیے انتظامیہ نے مبینہ طور پر اسٹور مقررہ وقت سے دو گھنٹے پہلے بند کردیا، جس کے نتیجے میں کاروباری نقصان بھی ہوا۔

اسکولوں کی چھٹیوں میں بچوں کے رویوں پر تشویش

برطانیہ میں اسکولوں کی موسم گرما کی تعطیلات کے دوران لیڈز سٹی سینٹر میں بچوں کے بڑے گروپوں کی موجودگی اور مبینہ شرارتی رویوں پر مقامی کاروباری افراد اور رہائشیوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ تعطیلات کے دوران شاپنگ ایریاز میں سیکیورٹی اور پولیس گشت بڑھایا جائے تاکہ دکانداروں، اسٹاف اور خریداروں کو کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے محفوظ رکھا جاسکے۔

کاروباری حلقوں نےلیڈز سٹی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ بچوں کے بڑے گروپوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے اور سٹی سینٹر میں سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں، جبکہ والدین سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کے رویوں پر توجہ دیں۔

مزید خبریں