راولپنڈی ویمن یو نیورسٹی میں 77 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے پر وقار تقریب کا انعقاد

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) راولپنڈی ویمن یو نیورسٹی میں 77 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیلہ کمال نے قومی ترانے کی دھن پر پرچم کشائی کی جبکہ سیکورٹی گارڈز کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔ اس موقع پر پاکستان کے استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی. یونیورسٹی کے احاطے میں پودے لگائے گئے اور حاضرین میں بڑی تعداد میں پھل دار پودے تقسیم بھی کیے گئے۔

تقریب کے مہمان خصوصی مرتضٰی نور،نیشنل کوارڈینیٹر انٹر یونیورسٹی کونسورشیم ،نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے11 اگست اقلیتوں کے دن اور 12اگست نوجوانوں کےدن کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اقلیتوں کے حقوق کا خیال رکھنے، ملک کو سر سبز و شاداب رکھنے اور خواتین کی تعلیم و تربیت میں اپنا بھر پور کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔ اس کے ساتھ مرتضیٰ نور نے میرٹ ، ایمانداری ، محنت کو اپنانےپر زور دیا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیلہ کمال نے یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 65 فیصد آبادی پر مشتمل نوجوان نسل ہماری امید اور ملک کا روشن مستقبل ہیں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی تربیت کی ذمہ داری ہمارے اساتذہ کرام پر عائد ہوتی ہے، ہمیں تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی اسکل ڈویلپمنٹ پر توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے.
ان کا مزید کہنا تھا کہ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی انتہائی قلیل عرصہ میں بڑی یونیورسٹیوں کی صف میں کھڑی ہےاور بہترین کار کردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ بعد ازاں وائس چانسلر نے آزادی کا کیک بھی کاٹا۔

مزید پڑھیں: بلوچستان ہائیکورٹ میں پرچم کشائی کی تقریب، چیف جسٹس کا گرین کورٹس مہم کا افتتاح

تقریب کے دوران طلباء نے ملی نغموں کا میڈلے پیش کیا اور جوڈو کی شاندار پرفارمنس بھی پیش کی گئی۔ تقریب میں یونیورسٹی کی فیکلٹی ، اسٹاف اور طالبات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مزید خبریں