اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز ) راولپنڈی اسلام آباد اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) کی الیکشن کمیٹی نے رسجا انتخابات 2026-27 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ شیڈول کے مطابق ووٹرز کی ابتدائی فہرست 28 جون کو آویزاں کی جائے گی، جبکہ ووٹرز لسٹ پر اعتراضات جمع کرانے اور کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 29 جون مقرر کی گئی ہے۔ اسی روز انتخاب لڑنے والے امیدواروں کی ابتدائی فہرست بھی جاری کی جائے گی۔ الیکشن کمیٹی کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی پر اعتراضات 30 جون تک جمع کروائے جا سکیں گے جبکہ امیدواران کی حتمی فہرست بھی 30 جون کو جاری کی جائے گی۔ رسجا کے انتخابات کے لیے پولنگ یکم جولائی 2026 (بدھ) کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں دوپہر 12 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگی، انتخابی نتائج کا اعلان اسی روز شام 7 بجے کیا جائے گا۔ انتخابات میں ایک صدر، ایک سینئر نائب صدر، دو نائب صدور، ایک جنرل سیکرٹری، ایک سینئر جوائنٹ سیکرٹری، دو جوائنٹ سیکرٹریز، ایک خزانچی اور گورننگ باڈی کے پانچ اراکین کا انتخاب کیا جائے گا۔ رسجا الیکشن کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان ہیں۔ الیکشن کمیٹی کے دیگر ممبران میں عاصم جیلانی، رانا فرحان اسلم اور شاکر عباسی شامل ہیں۔ الیکشن کمیٹی نے تمام اہل اراکین سے اپیل کی ہے کہ وہ انتخابی شیڈول پر سختی سے عمل کرتے ہوئے انتخابی عمل میں بھرپور تعاون کریں تاکہ انتخابات شفاف، منصفانہ اور خوش اسلوبی سے مکمل کیے جا سکیں۔











