جمعرات,  19  ستمبر 2024ء
اولمپکس کیلئےقوم میری کامیابی کی دعا کرے، ارشد ندیم کی پاکستانیوں سے درخواست

 

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے فائنل میں کوالیفائی کرنے والے ارشد ندیم نے درخواست کی ہے کہ میں پاکستان کا نام روشن کرنا چاہتا ہوں، قوم میری کامیابی کے لیے دعا کرے۔منگل کو پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے میڈل کی امید ارشد ندیم نے 24 کروڑ پاکستانیوں کا خواب پورا کرنے کی جانب پہلا قدم لیتے ہوئے جیولن تھرو کے فائنل میں کوالیفائی کیا۔جیولن تھرو کوالیفیکشن راؤنڈ میں گروپ بی میں شامل ارشد ندیم کو فائنل میں براہ راست جگہ بنانے کے لیے کم از کم 84 میٹر کی تھرو کرنا تھی۔

ارشد ندیم نے پہلی باری میں 86.59 کی تھرو کرکے کوالیفائی کرلیا۔فائنل میں پہنچنے کے بعد جیولین تھرور ارشد ندیم نے کہا کہ اولمپک گیمز میں پاکستان کا نام روشن کرنا چاہتا ہوں، پر امید ہوں کہ فائنل میں اچھا رزلٹ دوں گا۔

ارشد ندیم نے کہا کہ شائقین کا سپورٹ کرنے پر مشکور ہوں، فارم میں ہوں ، فٹ ہوں ، قوم میری کامیابی کے لیے دعا کرے۔اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے فائنل میں بھارت کے نیرج چوپڑا اور میں اپنے اپنے ملک کا نام روشن کریں گے۔ارشد ندیم نے کہا کہ نیرج چوپڑا ایک اچھا دوست ہے، ہم فائنل راونڈ پر فوکس کریں گے، سپورٹ کرنے پر شائقین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ یہ ارشد ندیم کا اولمپکس میں مسلسل دوسرا فائنل ہے، ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس میں ارشد ندیم پانچویں پوزیشن پر رہے تھے۔ارشد ندیم اب 8 اگست کو جیولن تھرو ایونٹ کے فائنل میں ایکشن میں ہوں گے۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News