جمعرات,  31 اکتوبر 2024ء
حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد اسرائیل کا مؤقف سامنے آگیا

یروشلم (روشن پاکستان نیوز) ایران کے دارالحکومت تہران میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد علاقائی سطح پر کشیدگی میں اضافے کا خدشہ ہے۔ اسرائیل پر حماس، حزب اللہ اور حوثی ملیشیا کے حملوں میں شدت بھی آسکتی ہے۔

نجی ٹی وی کے  مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیل ہیگیری نے نیو یارک ٹائمز سے گفتگو میں کہا ہے کہ ہم معاملات کو جنگ کے بغیر درست کرنا چاہتے ہیں تاہم کسی بھی صورتِ حال کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔اسماعیل ہنیہ کی شہادت سے محض ایک دن قبل اسرائیلی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر ڈرون حملے میں حزب اللہ کے سینیر کمانڈر فواد شُکـُر کو شہید کیا تھا۔

فواد شُکُر کی شہادت سے خطے میں عدم استحکام کی نئی لہر دوڑنے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا۔ اب اسرائیل نے، جیسا کہ حماس نے دعوٰی کیا ہے، تہران میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے ذریعے اپنا مورال بلند رکھنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔اس شہادت کے بعد اسرائیل کی طرف سے جس نوعیت کا ردِعمل سامنے آیا ہے اُس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اُسے امریکا اور یورپ کی بھرپور پشت پناہی حاصل ہے اور امریکا کا یہ کہنا محض آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش ہے کہ وہ اسرائیل کو کنٹرول کرکے مشرقِ وسطٰی میں کسی بڑی جنگ کی راہ روکنے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں: حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ تہران میں قاتلانہ حملے میں جاں بحق

اسرائیلی قیادت نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر جس انداز سے ردِعمل دیا ہے اُس سے یہ بھی اندازہ ہوتا ہے کہ وہ پہلے سے اچھی خاصی تیاری کرکے بیٹھی ہے۔ اگر امریکا اور یورپ نے اس مرحلے پر اسرائیل کی پشت پناہی سے ہاتھ نہ کھینچا تو خطے میں ایک ایسی جنگ چھڑسکتی ہے جو بہت سے ملک پر محیط ہوسکتی ہے۔ اس جنگ میں کسی بھی فریق کے لیے نقصان سے بچنے کی گنجائش نہ ہوگی۔

سیاسی مبصرین کہتے ہیں اسرائیل کے بارے میں تصور کیا جاتا ہے کہ دنیا کے جدید ترین ہتھیار اُسے میسر ہیں تاہم کسی بڑی جنگ چھوٹے سے رقبے والے اسرائیل کے لیے بہت بڑے نقصان سے بچنا کسی بھی طور ممکن نہ ہوگا۔

مزید خبریں