هفته,  23 نومبر 2024ء
پاکستانیوں کیلئے اہم خبر ، شناختی کارڈ بنوانے والوں کی بڑی مشکل آسان ہو گئی

 

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)حکومت نے عوام کی سہولت کے لیے اہم فیصلے کرکے شناختی کارڈ بنانے والوں کا بڑا مسئلہ حل کردیا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، جہاں کانفرنس روم میں اجلاس ہوا، جس میں نادرا کو عوام دوست بنانے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا اور نادرا کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے، اجلاس میں عوام کی سہولت کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔جس کے تحت ملک بھر میں یونین کونسل کی سطح پر شناختی کارڈ بنانے اور تجدید کرانے کی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ یونین کونسل کی سطح پر بائیو میٹرک مشینیں لگائی جائیں گی۔

یوسی سطح پر سہولیات فراہم کرنے کے پلان کو چند روز میں حتمی شکل دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔وفاقی وزیر نے شناختی کارڈ کے نظام کو فول پروف، بہتر اور تیز تر بنانے کے منصوبے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نادرا سینٹرز کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا کہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

محسن نقوی نے 7 دن میں 6 بڑے شہروں میں نادرا سینٹرز بڑھانے کا پلان مانگ لیا۔کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد، راولپنڈی میں مزید سینٹرز بنانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی۔وزیر داخلہ نے جعلی شناختی کارڈ مافیا کے خاتمے کے لیے موثر کارروائی کا حکم دے دیا۔

مزید خبریں