جمعه,  07  اگست 2026ء
لیڈز میں الیکٹرک سائیکلوں کی سہولت، غیر ذمہ دارانہ استعمال پر سوالات اٹھنے لگے

لیڈز (روشن پاکستان نیوز): برطانیہ کے شہر لیڈز میں شہری آمدورفت کو آسان، کم خرچ اور ماحول دوست بنانے کے لیے متعارف کرائی گئی عوامی الیکٹرک سائیکلوں کی سہولت شہریوں میں مقبول ضرور ہوئی ہے، مگر حالیہ دنوں میں ان کے غیر ذمہ دارانہ استعمال پر تشویش بھی بڑھتی جا رہی ہے۔ متعدد مقامات پر استعمال کے بعد سائیکلیں مقررہ جگہوں کے بجائے فٹ پاتھوں، سڑکوں اور عوامی راستوں پر چھوڑ دی جاتی ہیں، جس سے راہگیروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

یہ منصوبہ2023 میں مقامی انتظامیہ اور ایک نجی ادارے کے اشتراک سے شروع کیا گیا تھا، جبکہ بعد ازاں برطانیہ کی ایک ریلوے کمپنی اس کی سرپرست بن گئی۔ اس منصوبے کا مقصد شہریوں کو مختصر فاصلے طے کرنے کے لیے سستی، محفوظ اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرنا، ٹریفک کا دباؤ کم کرنا، فضائی آلودگی میں کمی لانا اور ریل کے سفر کو آخری منزل تک آسان بنانا تھا۔

حکام کے مطابق اس سہولت سے ملازمت پیشہ افراد، طلبہ، سیاح اور روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں شہری فائدہ اٹھا رہے ہیں، تاہم گرمیوں کی تعطیلات کے دوران کم عمر افراد کی جانب سے اس سہولت کے غیر ذمہ دارانہ استعمال کی شکایات میں اضافہ ہوا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ معمولی کرایہ ادا کرکے سائیکل حاصل کرنے کے بعد بعض افراد انہیں مقررہ مقام پر واپس کھڑا کرنے کے بجائے جہاں چاہیں چھوڑ دیتے ہیں، جس سے پیدل چلنے والوں، بزرگوں، معذور افراد اور بچوں کی گاڑیوں کے لیے راستے تنگ ہو جاتے ہیں۔

برطانیہ: دل کے مریضوں کیلئے بڑی خوشخبری، روزانہ استعمال کی نئی دوا کی منظوری

انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ سائیکلیں صرف مخصوص پارکنگ مقامات پر واپس کھڑی کی جا سکتی ہیں، بصورت دیگر اضافی رقم وصول کی جا سکتی ہے۔ متعلقہ اداروں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس عوامی سہولت کو ذمہ داری سے استعمال کریں تاکہ یہ منصوبہ آئندہ بھی کامیابی سے جاری رہ سکے اور زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔

مزید خبریں