پیر,  06 جولائی 2026ء
ممبئی میں موسلادھار بارش اور تیز ہوائیں، 13 افراد ہلاک

ممبئی (روشن پاکستان نیوز): بھارتی شہر ممبئی میں طوفانی بارش سے نظامِ زندگی مفلوج ہو گیا ہے، 200 ملی میٹر بارش سے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی اور مضافاتی علاقوں میں موسلادھار بارش اور تیز ہواؤں نے تباہی مچا دی ہے، مختلف حادثات میں 13 افراد ہلاک ہو گئے۔

شہر کے کئی مقامات پر درخت اور دیواریں گر گئیں، گاڑیاں ڈوب گئیں، مختلف علاقوں میں سڑکیں بھی دھنس گئیں، ٹریفک کا نظام اور ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہو گئی ہے، ہزاروں مسافر پھنس گئے ہیں۔ ممبئی ایئرپورٹ کا رن وے ایک گھنٹے بند رہا جب کہ پونے شہر میں لینڈ سلائیڈنگ سے متعدد رابطہ سڑکیں متاثر ہوئیں۔

احتیاطی تدابیر کے طور پر ممبئی، پونے، تھانے، نوی ممبئی اور بعض دیگر متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بند رکھے گئے ہیں، جب کہ سرکاری و نجی دفاتر کھلے ہیں، ممبئی پونے ایکسپریس وے بھی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔

دوسرا ٹی ٹوئنٹی: انگلینڈ نے بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی

ممبئی کے مانکھرد علاقے میں بارش کے دوران ایک تین منزلہ عمارت منہدم ہونے سے کم از کم 6 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

بھارتی محکمۂ موسمیات نے ممبئی اور کونکن کے ساحلی علاقوں میں ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ آئندہ گھنٹوں میں مزید موسلادھار بارش، تیز ہواؤں اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورت حال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت دی گئی ہے۔

مزید خبریں