واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز) : امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ایران اور امریکا نے اتوار کو معاہدے پر الیکٹرانک دستخط کر دیے ہیں، اس معاہدے کا متن رواں ہفتے جاری کر دیا جائے گا۔
جے ڈی وینس نے بتایا کہ معاہدے پر امریکا کی جانب سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور میں نے دستخط کیے، جب کہ ایران کی جانب سے مذاکراتی وفد کے سربراہ محمد باقر قالیباف نے دستخط کیے۔
جے ڈی وینس نے یہ بھی بتایا کہ امریکا اب ایرانی حکام سے براہ راست بات کر رہا ہے۔
بجٹ مسترد، جماعت اسلامی کا ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان
امریکی نائب صدر نے پیر کے روز سی این این کے میزبان جیک ٹیپر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت تقریباً ’’ڈیڑھ صفحے‘‘ پر مشتمل ایک عمومی نوعیت کی دستاویز ہے۔ وینس نے مزید کہا کہ معاہدے کی بہت سی تفصیلات آئندہ مذاکرات کے دوران طے کی جائیں گی۔
انھوں نے کہا ’’کئی معاملات پر ہمیں تکنیکی مذاکرات کے مرحلے میں تفصیلی فیصلے کرنے ہوں گے، لیکن یہ مفاہمتی یادداشت ایک ایسا فریم ورک فراہم کرتی ہے جس کے تحت ایران اپنی ذمہ داریاں پوری کر کے معاہدے کے فوائد حاصل کر سکے گا۔‘‘
وینس کے مطابق اس دستاویز کے ’’پہلے پیراگراف‘‘ میں یہ درج ہے کہ ایران ’’علاقائی امن اور استحکام‘‘ کے لیے اپنے عزم کا اظہار کرے گا، جس میں ان کے بقول ’’دہشت گرد تنظیموں‘‘ کی مالی معاونت بند کرنا بھی شامل ہے۔
انھوں نے مزید کہا ’’سب سے اہم بات یہ ہے کہ ایران قابلِ تصدیق انداز میں یہ عہد کرے گا کہ وہ جوہری ہتھیار نہیں بنائے گا۔‘‘











