تہران(روشن پاکستان نیوز) ایران کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمی نیا نے کہا ہے کہ ایران کی افواج مکمل طور پر تیار ہیں اور جنگ کو ختم تصور نہیں کیا جا رہا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق انہوں نے کہا ہم نے جنگ کو ختم نہیں سمجھا، جس دن جنگ رکی اور میدان میں ایک طرح کی جنگ بندی یا خاموشی قائم ہوئی، اسی دن سے ہم نے امریکا اور دشمنوں پر عدم اعتماد کے باعث جنگی سطح کی تیاری کو جاری رکھا اور نئے اہداف کا تعین کرلیا گیا ہے۔
ایرانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ جنگ سے پہلے انٹیلیجنس جائزوں کی بنیاد پر تمام یونٹس مکمل تیاری میں تھے۔
انہوں نے کہا کہ اصفہان میں دشمن کی دراندازی کے دوران زمینی افواج نے فوری کارروائی کی، امریکی طیاروں کو نشانہ بنایا اور اس تیز ردعمل کے باعث دشمن کی کارروائی ناکامی سے دوچار ہوئی۔
امریکی صدر نے مذاکرات کی درخواست کی ہے، ایرانی وزیر خارجہ کا دعویٰ
جنرل اکرمی نیا کے مطابق جنگ کے دوران قومی فضائی دفاعی مرکز کے تحت فوج کے فضائی دفاع اور پاسدارانِ انقلاب کے ایرو اسپیس دفاعی یونٹ نے 170 سے زائد دشمن ڈرونز اور 16لڑاکا طیاروں کو نشانہ بنا کر مار گرایا۔
ترجمان کے مطابق جنگ کے آغاز میں ایرانی فضائیہ نے عراق، کویت اور قطر میں دشمن کے اڈوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے ایک امریکی میڈیا رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی فضائیہ کے ایک ایف-5 طیارے نے مختلف دفاعی تہوں کو عبور کرتے ہوئے ایک امریکی اڈے کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
ترجمان نے کہا کہ ایرانی بحریہ نے خطے اور اسرائیل میں اہداف پر نیول کروز میزائل اور ڈرون داغے اور بحریہ نے امریکی جنگی جہازوں، بشمول طیارہ بردار جہاز ابراہام لنکن کو ایرانی ساحل کے قریب آنے کی اجازت نہیں دی۔











