ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں COLABS کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں سفارت خانہ پاکستان کے افسران کے علاوہ سعودی اور پاکستانی کاروباری شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر سعودی عرب میں پاکستان کے نائب سفیر معظم علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب پاکستانی کمپنیوں کے لیے انتہائی اہم ملک ہے جہاں وہ اپنی پیشہ ورانہ خدمات کو بہتر انداز میں بروئے کار لاکر نہ صرف بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت کو مزید مضبوط بنا سکتے ہیں بلکہ اس سے پاکستان کا نام بھی روشن ہوگا اور قومی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
نائب سفیر معظم علی نے مزید کہا کہ سعودی عرب کاروباری سرگرمیوں کو خصوصی اہمیت دیتا ہے جبکہ پاک سعودی سرکاری و نجی شعبوں کے تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمپنیاں سعودی عرب جیسی وسیع اور متحرک مارکیٹ سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتی ہیں جس کے نتیجے میں پاکستان کی معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔
تقریب سے COLABS کے بانی علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد سعودی عرب میں موجود پاکستانی کمپنیوں اور نئی آنے والی کاروباری اداروں کے لیے ایسا سازگار ماحول فراہم کرنا ہے جس کے ذریعے وہ مقامی قوانین اور کاروباری تقاضوں کے مطابق ترقی کر سکیں۔
اس موقع پر علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستانی کمپنیوں کی سرمایہ کاری اور خدمات کو مزید فروغ ملے گا جس سے نہ صرف پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوگا بلکہ ملکی معیشت بھی زیادہ پائیدار بنیادوں پر مستحکم ہو سکے گی۔











